امریکا پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا خواہاں ہے‘ رچرڈ باؤچر

87

اسلام آباد (آن لائن) سابق امریکی نائب وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر نے کہا ہے کہ امریکا پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا خواہاں ہے‘دونوں ممالک تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کریں‘ امریکی حکومت کی طرف سے بات نہیں کررہا لیکن امریکی تھینک ٹینکس اور مختلف طبقات سے
تعلق رکھنے والے امریکی لوگ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مخالف نہیں اور اس منصوبے میں اگر دیگر ممالک، کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو بھی شامل کیا جائے تو یہ خطے کے لیے مزید کارآمد ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آن لائن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سویلین حکومت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے‘ پاکستان کی سیاست ہمیشہ دلچسپ ہوتی ہے‘ میں نہ کسی کی حمایت کروں گا‘ نہ ہی مخالفت کرؤں گا‘ یہ اختیار صرف پاکستانی عوام کا ہے‘ روس کے پاس اتنی دفاعی اور اقتصادی قوت نہیں کہ وہ امریکا کے لیے بڑا خطرہ ہو سکے‘ امریکی انتخابات میں روس کی مداخلت کے بارے میں تحقیقات ہو رہی ہیں مگر مجھے نہیں لگتا روس صدارتی انتخابات کے نتائج پر اثرانداز ہو سکتا ہے‘ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کی جانب سے2003ء میں عراق پر قبضے کا فیصلہ غلط تھا جس کے خراب نتائج نکلے۔