سہون دھماکے میں ملوث حملہ آور اورسہولت کاروں کی شناخت ہوگئی

125

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سہون دھماکے میں ملوث حملہ آور اور سہولت کاروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے شناخت ہوگئی‘ حکومت نے گرفتاری میں مدد دینے والے کو 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ جمعے کو سہون دھماکے کی تحقیقات سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے بتایا کہ سہون دھماکے میں ملوث حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے چہروں کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے کرلی گئی ہے‘اس سلسلے میں 16فروری کی وڈیو اور اس سے پہلے کی
وڈیو کو کو دیکھا گیا‘ 16فروری کی وڈیو میں خودکش حملہ آور کو دیکھا جا سکتا ہے اس کے کپڑوں کی کلوزنگ بھی کی گئی جس سے خودکش جیکٹ کا پہنناواضح ہے ۔ 15فروری کو خود کش بمباراور اس کے 2 ساتھیوں کو ساتھ ساتھ دیکھا جا سکتا ہے یہ لوگ 15فروری کو ایک گھنٹے مزار میں رہے۔سی ٹی ڈی ، رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیز، دادو اور سہون کی پولیس نے اس کیس پر تمام شواہد جمع کیے ‘ان تصاویر کو شناخت کرنے کے لیے نادرامیں بھیجا گیا ان کے جواب کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم مذہبی انتہا پسند تنظیموں کے دہشت گرد وں نے آپس میں گٹھ جوڑ کرلیاہے‘ ملک میں داعش نامی کسی تنظیم کا وجود نہیں ہے بلکہ داعش کی سوچ سے متاثر کچھ جرائم پیشہ افراد موجود ہیں جو دہشت گردی کے لیے مختلف کالعدم تنظیموں میں شمولیت اختیار کرتے ہیں ۔