شامی سرحد پر بفرزون کے لیے اسرائیل اور اردن سرگرم

107

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے عبرانی اخبار’ہارٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو شام کی سرحد پر بفر زون کے قیام کی کوششیں شروع کی ہیں۔ اس کے ساتھ اُردن اور اسرائیل کے درمیان بھی بفر زون کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران ایران نواز ملیشیا حزب اللہ کو صہیونی ریاست کی سرحد سے دور رکھنا ہے۔ اخباری رپورٹ میں مصدقہ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی انتظامیہ کے سامنے بھی شام کی سرحد پر بفر زون کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ کئی ممالک سے ہونیوالی بات چیت میں وادی گولان سے متصل شام میں ایرانی فورسز اور حزب اللہ کی موجودگی کا معاملہ اٹھایا گیا۔