دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے مختلف علاقوں میں امریکا، روس اور اسدی افواج کی بم باری سے کم از کم 25 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ الجزیرہ اور شامی مبصر برائے انسانی حقوق کی رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز امریکی قیادت والے بین الاقوامی اتحاد نے صوبہ رقہ کے گاؤں ہنیدہ پر بم باری کی، جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور خاتون سمیت 15 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس حملے میں ایک خاندان بھی مارا گیا۔ دوسری جانب مبینہ طور پر روسی جنگی طیاروں نے دمشق کے نواحی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ مشرقی غوطہ کے شہروں حرستا، دوما اور عربین کے رہایشی علاقوں پر کیے گئے فضائی حملوں میں7 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ اس دوران کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ادھر اسدی فوج نے شمالی صوبے حلب کے شہر دارعزہ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا، جس میں موجود عورت اور بچے سمیت 3 شہری مارے گئے۔ ترکی کی سرحد کے قریب واقع اس شہر پر فضائی حملہ اسدی طیاروں نے کیا۔ جب کہ اسدی فوج نے جنگی طیاروں کی مدد سے صوبہ حما میں شہری مقامات پر نیپام بم گرائے، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔