سال کی پہلی سہ ماہی میں ڈیڑھ ہزار فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں بند

88

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جاری رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران صہیونی فورسز کے وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران 1360 فلسطینی شہریوں کو بے رحمی کے ساتھ گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مرکز برائے حقوق اسیران کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ ریاض الاشقر نے بتایا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیے گئے 1360 فلسطینیوں میں 225 فلسطینی بچے، 50 خواتین، جن میں کم عمر لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ 6 ارکان پارلیمان،23 مریض اور 15 صحافی بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب مرکز اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 4 فلسطینی شہری شہید اور 124 زخمی ہوئے۔