***۔۔۔۔۔۔سکھر ۔۔۔۔۔۔***

107

سکھر( نمائندہ جسارت) روہڑی کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار وں کوکچل دیا جس کے نتیجہ میں میاں بیوی بچے سمیت ہلاک ہو گئے، روہڑی کے نزدیک قومی شاہراہ پر حاثہ میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور انکا بچہ موقع پر دم توڑ گئے، پولیس کیمطابق ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا،ہلاک ہونے والوں میں گوٹھ سنگرار کے رہائشی رمیش کمار اس کی بیوی اور ایک معصوم بچہ شامل ہیں، تینوں فوتیوں کی لاشیں روہڑی تعلقہ ہسپتال لائی گئیں بعد ازاں ضروری کاروائی کے بعد انکے لواحقین کے سپر د کر دی گئیں، پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں، علاوہ ازیں روہڑی کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر آٹھ سالہ بچی جانبحق ہو گئی۔* آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ بعض پرائیوٹ اسکولز کو تعلیمی و تدریسی اور فروغ تعلیم کے بجائے تجارتی بنیادوں پر چلانا لمحہ فکریہ ہے گورنمنٹ قوانین اور پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کے رولز و ریگولیشن سے ہٹ کر چلنے والے نجی اسکولوں کے خلاف ضابطے کی کارروائی کرکے سرکاری قوانین پر عملدرآمد کرنے کا پابند کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں نجی اسکولوں کے زیر تعلیم بچوں کے والدین اور سرپرستوں سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد طاہر خان، گلزار بھٹو ،حاجی صابر ، فیاض خان، مولانا عثمان فیضی، بدر رفیق قریشی، خواجہ جلیل احمد ،عبدالمتین بندھانی، حاجی انور وارثی، محمد زاہد یامین ، ملک رضوان الحق، عبدالرحمن انصاری، حاجی محمد شفیع عباسی ، برکت علی سولنگی ، عبدالرحیم سیٹھی، خواجہ جلیل احمد،زاہد اقبال ، عطا محمد قریشی ، عارف میمن،شاکر کمبوہ اور محمد علی میمن ، رضوان لالا جندہ و دیگر بھی موجود تھے۔ والدین نے حاجی محمد ہارون میمن کو بتایا کہ بعض پرائیوٹ اسکولز میں بچوں کو قوانین کے مطابق سہولتیں حاصل نہیں ، کھیل کے میدان ، سائنس و کمپیوٹر لیب بھی دستیاب نہیں جبکہ اسکولوں کی ماہانہ فیسوں کو جنریٹر کی مد میں پٹرول و ڈیزل کی رقم لگادی جاتی ہے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران جنریٹر نہ چلاکر تیل ختم ہونے کا بہانہ کردیا جاتا ہے ۔ پراجیکٹ، اسکول پارٹیز اور دیگر ایکٹیویٹی کی مدد مختلف حیلے بہانوں سے ماہانہ فیس کے علاوہ بھی رقم وصول کی جاتی ہے اور ساتھ ہی اسکول کی کتابوں کے ساتھ ساتھ اب کاپیاں کی اسکول انتظامیہ کی من پسند اور مخصوص دکانوں سے خریدنے کیلئے دباؤ ڈالا جاتا ہے اور اسکول انتظامیہ کی غیر قانونی ، جبری اور خود ساختہ پالیسیوں کو تسلیم کرنے پر زیر تعلیم بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی غیر انسانی اور غیر اخلاقی عمل ہے اور تعلیم جیسے مہذب کام کیلئے بدنامی کا باعث ہے۔ والدین کی شکایات سننے کے بعد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ ان شکایات کو متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچا کر انہیں حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ اسکولز کے مالکان تعلیم کے شعبے کو کاروبار بنانے کے بجائے فروغ تعلیم اور خدمت کے جذبے سے کام کریں۔ انہوں نے حکومت ، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ پرائیوٹ انسٹیٹیوشن سے متعلق تمام قوانین پر عمل کراکے خلاف ضابطہ چلنے والے پرائیوٹ اسکولوں کے خلاف کارروائی کرکے والدین میں پھیلی بے چینی دور کی جائے۔* یونین کمیٹی 9نواں گوٹھ کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین محمد ذاکر بندھانی نے کہا ہے کہ 13اپریل کو اپنے قیمتی ووٹ سے ایسے مخلص امیدوار کو کامیاب کرائیں جو آپکے مسائل حل کرسکیں، یوسی 9نواں گوٹھ سے تسلسل سے کامیاب ہونیوالے بلدیاتی نمائندوں نے سوائے جھوٹے وعدوں، تسلیوں کے آج تک کچھ نہیں دیا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کر کے کامیاب کرایا تو علاقے کی ترقی یوسی کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں محمدی مسجدمیں علاقہ معززین عبدالمتین بندھانی، عبدالوہاب بندھانی، عبدالحنان بندھانی، محمداحسان بندھانی، عبدالرشید بندھانی، ہرجن ریلوے برج کالونی میں امر لعل، بھگوان داس، رام چند، پنڈٹ اور دیگر ووٹرز سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الیکشن مہم میں پیش پیش رکن صوبائی اسمبلی دیوان چند چاولہ، یوسی چیئرمین 5فرید صدیقی، ضلعی آرگنائیزر سراج احمد ایڈووکیٹ، محمدنعیم بندھانی، محمد شاہد راجپوت ، سعید بندھانی، و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گھر گھر رابطے کے دوران علاقہ مکینوں نے محمد ذاکر بندھانی کو یقین دلایا کہ وہ علاقے میں تبدیلی اور نوجوان مخلص قیادت کو لانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرینگے۔* جماعت اصلاح المسلمین ضلع سکھر کے زیر اہتمام ہفتہ وار ذکر و نعت و مراقبہ کے پروگرام کا انعقاد فقیر رانا عامر طاہری ، رضوان مصطفی طاہری ، اویس طاہری۔ اشرف طاہری ، نے نعتوں کے نذارنے پیش کئے اس موقع پر صوبائی پریس سیکریٹری ڈاکٹر سعید اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آج مسلمانوں کی اکثریت کے افکار و اعمال اسلام کے حقیقی روح سے بھی مطابقت رکھتے ہیں ہم دیکھ رہے ہیں کہ عہد حاضر کی دنیا اختلافات اور تنازعات کے گرداب میں گھری ہوئی ہے قرآن مجید میں آدم کی فضلیت کا واضع اعلان موجود ہے چنانچہ احترام بشریت کا تقاضہ ہے کہ انفرادی و اجتماعی طور پر اپنے علاوہ دوسروں کو بھی وہی عزت اور احترام کا درجہ دیا جائے جسے اپنا حق سمجھتا ہے اسلام کی تعلیم کی رو سے ہر انسان کی اصل ایک ہے کیونکہ وہ ایک جان سے پیدا کیا گیا ہے اس لئے انسانوں کے درمیان اونچ ، نیچ ، کا معاملہ کرنا انسانی وقار و عظمت کے یکسر منافی ہے اللہ تعالی ٰ نے اپنا تعارف رب العالمین کہہ کر کرایا ہے قرآن جس بنیادی نکتے پر زور دیتا ہے وہ انصاف ہے قرآن کے نزدیک بنیادی ذمہ داری تمام مسلمانوں کی ہے وہ دوسرے تمام غیر مسلم گروہوں اور انسانوں کے تعاون سے مساوات اور انصاف پر مبنی روادار ، پرامن اور ہمدرد معاشرہ تشکیل دنیا چائیے قرآن پاک کی ایک آیت کا مفہوم ہے کہ نیکی اور تقوی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرو اور گناہ اور برائی کے کاموں میں دست تعاون نہ بڑھاؤ معاشرہ افراد سے بنتا ہے اور قوم معاشرے سے تشکیل پاتی ہے میرا خیال آج کے دور میں مسلم دنیا کا اصل بحران در حقیقت کردار کا بحران ہے ہمیں یہ سوچنا ہو گا ہماری عبادات کہیں ریا کاری سے عبارت تو نہیں کہ ان کی ادائیگی کے باوجود ہماری اکثریت نہ تو رشوت سے رکتی ہے اور نہ ہی ذخیرہ اندوزی و بلیک مارکیٹنگ سے آج مسلمانوں کی اکثریت نے اسلام کو محض چند ظاہری ، عبادات کا مجموعہ سمجھ کر اس کے چند آسان اور ظاہری پہلوؤں کو اپنا لیا ہے جبکہ حقوق العباد اور خدمت انسانیت کو یکسر نظر انداز کردیا ہے۔* خیرپور پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 15 ڈاکوؤں، 96 مفروراور54 روپوش ملزمان کو گرفتار کر لیا،ایس پی ہیڈ کوارٹر خیرپور پولیس محمد انور بگٹی کیمطابق پولیس نے مطابق گزشتہ ماہ مارچ کے دوران مختلف کاروائیوں میں چار شارٹ گنز، 17پسٹل،3 ریوالور،ایک کاربائن، 33 کارتوس ، 62 راؤنڈ برامد کیے گئے ، علاوہ ازیں پولیس نے 12 کلو479 گرام چرس، 9کلوگرام بھنگ،4004 لٹرمقدار شراب کی 343 بوتلیں بھی منشیات فروشوں سے برامد کیں۔* خیرپور کالج آف ایگریکلچر انجیءئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلے اختتام تک پہنچے،کرکٹ ، والی بال اور رسہ کشی کے فائنل مقابلے سیکنڈ ائیر کے طالبعلموں کی ٹیم نے جیت لیے، جبکہ سو میٹر ریس میں فرسٹ ایئر کے طلباء کامیاب ہوئے اور تھر و گیم کے مقابلے بھی فرسٹ ایئر کی ٹیموں نے جیتے، کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد ابراہیم کیریو نے فاتح ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات و ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔