کوٹری (نمائندہ جسارت) رکن قومی اسمبلی جامشورو ملک اسد سکندر خان نے کہا ہے کہ صنعتی علاقوں کی بہتری کے لیے سندھ حکومت بھر پور اقدامات کررہی ہے جلد ہی کوٹری صنعتی علاقہ میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامشورو چیمبر آف کامرس کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جامشورو منور علی مہیسرصدرجامشورو چیمبر آف کامرس میاں توقیر طارق ، نائب صدر آصف میمن ،کوٹری ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے صدر ملک اقبال نوری آباد ایگزیکٹو کلب کے صدر کنور ضیاالرحمن سمیت حیدرآباد، کوٹری اور نوری آباد کے صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک اسد سکند ر نے کہا کہ میری کامیابی میں ہمیشہ مقامی صنعتی کارکنوں اور یہاں رہنے والے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ جامشورو کے صنعتی زونز کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جامشورو چیمبر آف کامرس کا قیام عمل میں آنے پرمیں صنعتکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ جامشورو میں مزید صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا جس سے علاقہ میں مزید روزگار کے موقع میسر آئیں گے اور ملکی معیشت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے قیام سے ضلع جامشوروکی اہمیت اور بڑھ گئی ہے اور اس وقت جامشوروکا شمار ملک کے اہم ترین ضلع میں ہوتا ہے۔قبل ازیں ملک اسد سکندر نے چیمبر آف کامرس کی نو تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح بھی کیا۔