کوٹری، ٹی ٹی سی سے خدا کی بستی تک نو تعمیر شاہراہ کھنڈر میں تبدیل

70

کوٹری (نمائندہ جسارت) کروڑوں روپے کی لاگت سے ٹی ٹی سی تا خدا کی بستی سڑک تعمیر کے چند سال میں ہی کھنڈر میں تبدیل ہوگئی۔ ناقص میٹریل کے استعمال سے سڑک میں جگہ جگہ گڑ ھے پڑگئے ہیں، اس پر طرفہ تماشایہ کہ سڑک سے متصل زیر زمین پانی کی پائپ لائن سے سیکڑوں افراد نے غیر قانونی طور پر پانی کے کنکشنز اپنے طور پر لگا کر سڑک کو جگہ جگہ سے کاٹ دیا ہے۔ روڈ سے روزانہ سیکڑوں لائٹ اور ہیوی گاڑیوں کا بھی یہاں سے گزر ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ سڑک ناظمی دور حکومت میں خطیر لاگت سے بنائی گئی تھی جوکہ چند سال میں کھنڈر بن گئی ہے، سڑک کی شکستہ حالی اور کھنڈر کے باعث سوزوکی اور دیگر گاڑیوں نے اپنے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپر سٹرک کی حالت کو بہتر بناتے ہوئے زیر زمین پانی کی لائن سے غیر قانونی طورپر کنکشنز لینے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔