حسیب حمید تکنیکی طور پر ایلسٹرکک سے بہتر اوپننگ بیٹسمین ہیں، جیمز اینڈرسن

40

لندن (جسارت نیوز) ا سٹار انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے حسیب حمید کو تکنیکی طور پر ایلسٹرکک سے بہتر اوپننگ بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا میں ان کی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آئیں گی۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اینڈرسن نے بیان میں کہا کہ بلاشبہ ایلسٹرکک ورلڈکلاس بلے باز ہیں، وہ ملک کی جانب سے لیڈنگ رن اسکورر بھی ہیں لیکن اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ حسیب حمید اپنی تکنیکس اور پرسکون مزاج کی وجہ سے کک سے بہتر اوپنر ہیں، وہ انگلینڈ ٹیم میں آنے والے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ سال لنکا شائر کی جانب سے ان کے ساتھ کرکٹ کھیلی، حریف سائیڈ نے ان کو قابو کرنے کیلئے ہر حربہ آزمایا لیکن حسیب نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا، ایک اوپننگ بولر کی حیثیت سے میں سمجھتا ہوں کہ آپ کی ٹیم کا اوپنر بیٹسمین اگر اتنا پرسکون ہو تو پورا ڈریسنگ روم مطمئن دکھائی دیتا ہے۔