کھتری کرکٹ‘ شوکت راجپوت کی تباہ کن بولنگ‘شاہین جم خانہ فتحیاب

72

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شوکت راجپوت کی شاندار بولنگ اور عمران شاہ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت شاہین جم خانہ نے دوسرا آل کراچی عبدالحمید کھتری انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں غوری اسپورٹس کو باآسانی 112رنز کی ہزیمت سے دوچارکرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔شوکت راجپوت نے 5شکار کئے جبکہ عمران شاہ نے شاندار سنچری بنائی۔ اسٹوڈنٹس گراؤنڈ پر شاہین جم خانہ نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 34.3اوورز میں 239رنز بنا کرپویلین کی راہ لی۔عمران شاہ نے 120رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔ان کی اننگز میں 9چوکے اور 3چھکے شامل تھے۔خالد خان کی 32رنز کی اننگز میں 3چوکے شامل تھے۔عالم زیب نے 44رنز پر 4اور محمد مظہر نے 57رنز پر 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔غوری اسپورٹس کی جوابی اننگز 21.5اوورز پر 127رنز پر سمٹ گئی ۔ نظام الدین 41رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز ثابت ہوئے انہوں ے دوران اننگز 3چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔ناصر نیازی کے 23رنز میں 2چوکے شامل تھے۔ شوکت راجپوت نے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو اپنی عمدہ اسپن بولنگ سے تہس نہس کرکے رکھ دیا انہوں ے صرف 11رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو پویلین واپسی پر مجبور کیا۔ سید عمران اور شکیل اشرف نے 37,37رنز کے عوض 2,2مہرے کھسکائے۔ امپائرز جلال اکبر اور جاوید جعفری تھے۔