گیانا(جسارت نیوز) پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پہلے ون ڈے میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں کم بیک کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو دوسرے ون ڈے میں کھیل کے تینوں شعبوں میں جان لڑانا ہو گی۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے زیر کیا تھا، دونوں ٹیمیں دوسرے ایک روزہ میچ میں آج آمنے سامنے ہوں گی۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہماری ٹیم 330 سے زائد رنز کا مجموعہ ترتیب دینے کی پوزیشن میں تھی لیکن درمیان میں سست بیٹنگ کی وجہ سے ایسا نہ ہو سکا، 309 رنز کے ہدف کا دفاع کیا جا سکتا تھا لیکن بدقسمتی سے ہمارے سینئر بولرز گیم پلان کے مطابق بولنگ نہیں کر سکے جس کی وجہ سے ہمیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کریڈٹ ویسٹ انڈین بلے بازوں کو جاتا ہے جنہوں نے دلیرانہ انداز سے بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ سیریز میں کم بیک کیلئے ہماری ٹیم پر زیادہ دباؤ ہو گا اسلئے کھلاڑیوں کو بتا دیا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، دوسرے ون ڈے میں پراعتماد انداز سے میدان میں اتریں، کامیابی کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو تینوں شعبوں میں100 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔