پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل آج پراویڈنس اسٹیڈیم، گیانا میں کھیلا جائے گا

85

گیانا(جسارت نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل آج پراویڈنس اسٹیڈیم، گیانا میں کھیلا جائے گا، ویسٹ انڈیز نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، کالی آندھی نے گرین شرٹس کی طرف سے دیا گیا 309 رنز کا ہدف ایک اوور قبل ہی حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی، جیسن محمد نے 91 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا۔ پراویڈنس اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے، محمد حفیظ نے 88 ، احمد شہزاد نے 67 ، شعیب ملک نے 53 اور کامران اکمل نے 47 رنز بنائے، ایشلے نرس نے4 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں ویسٹ انڈیز نے ہدف جیسن محمد کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد نے 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ایشلے نرس نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا 15 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کیرن پاؤل 61 اور ایون لوئس 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد عامر اور شاداب خان نے2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار 300 پلس رنز کا کامیاب ہدف حاصل کرنے کا اعزاز پا لیا، کالی آندھی نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں 309 رنز کا ہدف حاصل کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس سے قبل کالی آندھی کو 31 مرتبہ ون ڈے میں 300 پلس رنز کا ہدف ملا اور تمام میں وہ ناکام رہی لیکن ویسٹ انڈیز نے گرین شرٹس کے خلاف پہلے ون ڈے میں 309 رنز کا ہدف حاصل کر کے ناکامیوں کی روایت توڑ دی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ون ڈے میں سب سے بڑا ہدف 2004ء میں جنوبی افریقا کے خلاف حاصل کیا تھا۔ جبکہ کالی آندھی نے پروٹیز کے خلاف 298 رنز کا کامیاب ہدف حاصل کیا تھا۔