تحقیق پر مبنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے،گورنر سندھ

93

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور طالب علموں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کے لیے ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، تحقیق پر مبنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ ٹاؤن کراچی میں روٹس ملینیم اسکولز فیوچر ورلڈ کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روٹس ملینیم اسکولز جیسے تعلیمی ادارے نہ صرف طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کی تربیت کا فریضہ بھی احسن طریقہ سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ ہم ملکی تعمیر و ترقی میں بہتر تعلیم یافتہ افرادی قوت کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ روٹس ملینیم اسکولز کا معیار اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نہایت تابناک ہے،کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلوانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ میڈیا کو اچھی باتوں کو اجاگر کرنا چاہیے ،ملک میں بہت مثبت کام ہو رہے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،صرف اس کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔