کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہونے کے بعد اب یہ سلسلہ ٹول پلازہ تک جا پہنچا ہے
۔کراچی سے ملک کے دیگر علاقوں میں جانے اورداخل ہونے والے مسافر اور ترسیل کے لیے جانے والی ہیوی ٹریفک ٹول پلازہ پر کئی گھنٹے پھنسی رہی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سپر ہائی وے ہیوی ٹریفک کی آمدورفت کے باعث جام ہوگیا اور ٹول پلازہ پر رش کے بڑ ھ جانے کی وجہ سے لوگ کئی کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنس گئے ، کچھ افراد نے نیشنل ہائی وے سے ٹھٹھہ کے راستے شہر سے نکلنے کی کوشش کی مگر شہر میں داخل ہونے والی ہیوی ٹریفک کی لمبی قطار کو پار نہ کرسکے اور کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد بھی شہر سے باہر نکلنے میں ناکام رہے۔ سپر ہائی وے سے نوری آباد تک قومی شاہر پر ٹریفک معطل ہونے پر گاڑیوں میں موجود مسافروں نے احتجاج کیا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹول ٹیکس وصول کیا جارہا ہے جبکہ راستہ گذشتہ 2سال سے زیر تعمیر ہے اور متبادل راستے بھی نہیں بنائے گئے ، اس ساری صورت حال میں مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کر نا پڑا اس دوران موٹر وے پولیس بھی غائب رہی۔