کشمیری حالیہ ضمنی انتخابات کا تاریخی بائیکاٹ کرینگے‘دفاع پاکستان کونسل

109

لاہور(نمائندہ جسارت)مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پارلیمنٹ کی2نشستوں کے حوالہ سے ہونے والے ضمنی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی سرکار سری نگر اور اسلام آباد(اننت ناگ) میں انتخابی ڈرامے کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے ۔ گن پوائنٹ پر انتخابات کسی صورت رائے شماری کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ بھارت نام نہاد انتخابات کے ذریعہ دنیا پر یہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور کشمیری عوام بھارت کے ساتھ الحاق پر خوش ہیں۔کشمیری عوام حالیہ ضمنی انتخابات کا تاریخی بائیکاٹ کریں گے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل و جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خاں، مولانا عبدالعزیز علوی، حافظ عبدالغفارروپڑی، مولانا امیر حمزہ،قاری یعقوب شیخ، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری اور حافظ خالد ولید نے آج 9اپریل کو سری نگر،بڈگام اور گاندر بل میں ضمنی الیکشن کیخلاف ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور نام نہادانتخابی ڈرامے کیخلاف کشمیریوں کے یوم تجدید عہد کی مکمل مددوحمایت کرتے ہیں۔بھارت ٹنل اور سڑکیں بنا کر کشمیریوں کو دھوکا دینے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خاں نے کہاکہ کشمیریوں کا سری نگر اور اسلام آباد(اننت ناگ) میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کیلیے یوم تجدید عہد منانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی صورت بھارت کا غاصبانہ قبضہ قبول کرنے کیلیے تیار نہیں ہیں۔