اسلام آباد (آئی این پی) پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نواز حکومت کی جانب سے ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے اکٹھے کرنے کی شدید مذمت کرتی ہے، نواز شریف اور ان کی حکومت نے انتہائی بے دردی سے قوم کو قرض کی دلدل میں دھنسایا ہے اور اب قومی شاہراہوں کے بعد ہوائی اڈوں کو گروی رکھنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی بینکوں اور عالمی مالیاتی اداروں سے انتہائی مہنگے داموں قرضے اکٹھے کیے گئے اور اربوں ڈالرز مالیت کے قرضوں کو کرپشن کی نذر کرکے حکمران خاندان نے مال بنایا ہے۔ قوم کے نام پر اکٹھے کیے گئے قرضوں سے جہالت، غربت، بیروزگاری سمیت کسی میں کمی نہیں آئی۔ نعیم الحق نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے اکٹھے کیے گئے یہ قرضے آئندہ نسلوں کیلیے ایک ناروا بوجھ ثابت ہوں گے۔ بدترین معاشی حکمت عملی نواز شریف کے ناقابل معافی گناہوں میں سے ایک ہے۔ نعیم الحق نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ کرپشن اور قرضوں کی ایک ایک پائی کا حساب نواز شریف سے وصول کریں گے اور معاملے کو فوری طور پر پارلیمان میں اٹھائیں گے۔