پولیس،رینجرز کارروائیاں‘متحدہ لند ن کابڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

133

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرقائدمیں پولیس اوررینجرزنے 2کارروائیاں کرتے ہوئے متحدہ لند ن کابڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا‘گلشن معمار میں پلاٹ اورسعیدآبادمیں اسکول پرچھاپاماراگیا‘ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر پولیس نے سپرہائی وے پر گلشن معمار میں متحدہ قومی موومنٹ لندن سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تو اجمیر گارڈن نامی رہائشی عمارت سے متصل ایک خالی پلاٹ پر موجود مشکوک افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے جس کے بعد پولیس نے پلاٹ کی تلاشی لی تو وہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد کرلیا ‘ برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 ایل ایم جیز، اسنائپر،3 کلاشنکوف،8 ایم ایم،9 ایم ایم اور ایک جی تھری سمیت سیکڑوں کی تعداد میں گولیاں بھی شامل ہیں جب کہ پلاٹ سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے‘ایم کیو ایم لندن کا سیکٹر انچارج نسیم اجمیری فرار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر ایم کیو ایم لندن کے سیکٹر انچارج منصور عرف کالی کا قبضہ تھا جس نے متحد ہ لندن کے ایک اور سیکٹر انچارج نسیم اجمیری کی مدد سے بھاری اسلحے کی خریداری کی اور اسلحے کو پلاٹ میں چھپایا‘ پولیس چھاپے کے وقت نسیم اجمیری وہاں موجو دتھا جو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔ علاوہ ازیں رینجرز نے 100کوارٹر سعید آباد بلدیہ ٹاؤن میں گورنمٹ ایلیمنٹری گرلز اسکول پرچھاپامارکر واٹر ٹینک سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا‘ اسلحے میں 3عدد 7ایم ایم بندوق ، 2عدد 30بور پستول ، 2عدد ر یپیٹر ، ایک عدد 44بور بندوق ، 2عدد 22بور بندوق ، 3عدد ایس ایم جیز ، 2عدد 30بور ایم پی فائیو بندوق اور مختلف اقسام کی 2118 گولیاں شامل ہیں۔