حیدر آباد (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خواجہ آصف کے دعوے کے بعد لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے، کے الیکٹرک کی طرح حیسکو بھی عوام کو بجلی کے لیے نچوڑنے میں مصروف ہے، مہنگی بجلی، اضافی بلوں کی بھرمار، اوور ریڈنگ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ حکومت کے بجلی فراہم کرنے اور لوڈشیڈنگ کم کرنے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف نے گزشتہ ماہ عوام سے دعدہ کیاتھاکہ اپریل میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم ہوجائے گامگر دورانیہ کم ہونے کے بجائے لوڈشیڈنگ کادورانیے میں مزیداضافہ ہوگیاہے ۔وفاقی حکومت خواہ پی پی کی سابقہ حکومت ہویامسلم لیگ کی موجودہ حکومت ہو،دونوں کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے تمام وعدے اور دعوے جھوٹے نکلے ہیں، حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی سفیدہاتھی بن گئی ہے۔ شہریوں کو ریلیف دینے کے بجائے اذیت دینے کاادارہ بنا ہوا ہے۔ اوور ریڈنگ اور اضافی بلو ں کی بھرمارنے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ حیسکو اور محتسب کے پاس شہریوں کی شکایتیں پہنچ رہی ہیں اس کے باوجود حیسکوانتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، حیسکو انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے ورنہ انہیں سخت عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دریں اثنا جماعت اسلامی لطیف آباد کے امیر حَسین الدین نے کہاکہ لطیف آبادیونٹ نمبر 12 میں گیس لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیا جائے۔ علاقہ مکین گیس کی لوڈشیڈنگ اورگیس کے پریشر میں کمی سے پریشان ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام لطیف آباد میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیں تاکہ شہریوں کے کاروبارزندگی متاثر نہ ہوں۔