جماعت اسلامی یوتھ کی جانب سے حیسکو کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف پریس کلب ٹنڈو آدم کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی

126

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی یوتھ کی جانب سے حیسکو کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف پریس کلب ٹنڈو آدم کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی۔ جماعت اسلامی یوتھ کی جانب سے ٹنڈوآدم اور اس کے گردو نواح میں حیسکو کی جانب سے 14 تا 16 گھنٹے شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف ضلعی صدر فیصل غفورانصاری، مشتاق احمد عادل، عبدالستار انصاری اور سید توحید احمد شاہ کی قیادت میں ٹنڈو آدم پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اورپلے کارڈ تھے، جن پر حیسکو کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کے دعووں کے برعکس ٹنڈوآدم میں حیسکو افسران شہریوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہے ہیں۔ شہری بروقت اپنا بل جمع کرواتے ہیں، جس کی انہیں سزا دی جارہی ہے جبکہ بجلی چوروں کو کھلی آزادی ہے۔ افسران جو باتیں کرتے ہیں وہ ان پر عمل درآمد کروائیں، جہاں بجلی چوری ہے وہاں کی بجلی منقطع کردی جائے اور جو بھی عملہ یا فرد اس میں ملوث ہو، اس کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بجلی چوروں کی سزا شہریوں کو نہ دی جائے۔ اگر حیسکو انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو جماعت اسلامی یوتھ اپنے احتجاج کے دائرے کو وسیع کرے گی اور یہ احتجاج حیسکو کے موجودہ افسران کی برطرفی تک جاری رہے گا۔