اسلام آباد (جسارت نیوز) سابق عالمی اسکوائش چیمپئن جان شیر خا ن نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو سکتا ہے، کھیل کے فروغ سے معاشرے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے،ملک میں انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کھلاڑیوں کا مورال بلندہوگا۔ گزشتہ روزمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنا کر ہی ملک میں کھیلوں کے معیار میں بہتری لائی جاسکتی ہے، اسکولز اور کالجز کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں سے ہی نیا نوجوان ٹیلنٹ سامنے آتا ہے جس کو بروئے کار لانے کے لئے تربیتی کیمپس کا انعقاد بھی ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ کھیل کے فروغ سے معاشرے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے اور اس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ کھیلوں کا معیار قائم رہے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں سرپرستی ہو نی چاہیے تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں،ایک سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کھلاڑیوں کا مورال بلندہوگا، ان انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کا کریڈٹ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر اورچیف ائرمارشل سہیل امان کو جاتا ہے، جس نے روواں سال 2016 ء میں انٹرنیشنل سطح کے 4 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس منعقد کروانے کا اعلان کیا تھا اور چاروں کامیابی سے منعقد ہوئے، جن میں چیف آف آرمی اسٹاف ، چیف آف ایئراسٹاف ، چیف آف نیول اسٹاف شامل تھے، اور چوتھا ٹورنامنٹ پریزیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ شامل تھے جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی ان ٹورنامنٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت ملک و قوم کے لئے اعزاز کی بات ہے۔