کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کاشاہراہ قائدین پرگرینڈ دھرنا کل منگل شام 5بجے ہوگا ،عوامی شکایتی سیل قائم کردیے

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کاشاہراہ قائدین پرگرینڈ دھرنا کل منگل شام 5بجے ہوگا ،عوامی شکایتی سیل قائم کردیے، اووربلنگ ،لوڈشیڈنگ ، ٹیرف میں اضافے اوردیگرمسائل کے حل کیلیے تحریک جاری رہے گی ،عوامی مفادات کے خلاف ہرچال ناکام ہوگی ،عوام بڑی تعداد میں شریک ہوکر نااہل حکمرانوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیواربن جائیں ،عوام کا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ ختم اور عوام کے 200ارب سے زائد روپے واپس کرے ،شہرکراچی کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع شرقی میں بھی سیکڑوں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہارامیرجماعت اسلامی ضلع شرقی وسابق رکن سندھ اسمبلی محمد یونس بارائی،قیم ضلع نعیم اختر،نائب امرائے ضلع سید افتخاراحمد ،توفیق الدین صدیقی ،مرتضیٰ غوری ،ڈاکٹرفواد احمد او ر نائب قیم محمد عرفان شیخ نے دفترجماعت اسلامی ضلع شرقی ارقم اسلامک سینٹر سے جاری مشترکہ بیان میں کیا ۔ محمد یونس بارائی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حلقہ کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کے الیکٹرک کی چیرہ دستیوں کے خلاف شاہراہ قائدین نزد نورانی کباب پرواقع کے الیکٹرک کے دفتر پرگرینڈ دھرنا دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 22اپریل کو گورنر ہاؤس پر دھرنا کے الیکٹرک انتظامیہ اور حکمرانوں کے لیے نوشتہ دیوار ثابت ہوگا ۔سابق رکن سندھ اسمبلی محمد یونس بارائی نے کہا کہ عوام کے ای ایس سی سے لے کر کے الیکٹرک تک مظالم کی متعدد داستانیں رکھتے ہیں ،ایک ایک حق تلفی کا بدلہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کراچی کے اہم مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا تو بات بہت آگے تک بڑھ سکتی ہے ،فوری طورپر عوام کے دیرینہ مسئلے کو حل کیا جائے۔ محمد یونس بارائی نے کہا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ ختم اور عوام کے 200ارب سے زائد روپے واپس کرے ،اپنا حق آرام سے حاصل نہ ہو تو چھیننا بھی جانتے ہیں ۔