رحیم یارخان(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حامد سعید کاظمی نے رحیم یار خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف بے بنیاد کیس بنایا گیاکوئی ثبوت کوئی گواہ نہیں تھا‘ ہائیکورٹ کے جج نے بری کیا، جو میں کہتا تھا جج نے وہی فیصلے میں لکھا۔حامد سعید کاظمی نے کہا کہ ایف آئی اے میں مجھ پر جو دفعات لگائی گئیں ان کی کوئی وجہ نہیں تھی، جج نے ایف آئی اے حکام سے کئی بار پوچھا کہ دفعات کیسے لگائیں؟ کیس کی سماعت کی روداد سن کر کبھی کبھی گھبرا بھی جاتا تھا، میرے خلاف کوئی ثبوت اور گواہی ہوتی تو صفائی پیش کرتا۔انہوں نے کہا کہ منی میں 25 ہزار حاجی واقعی بہت
پریشان ہوئے تھے، سعودی عرب نے 25 ہزار حاجیوں کے کیمپ پہاڑیوں پر منتقل کر دیے تھے، حاجی جس جگہ ٹھہرے تھے ادھر ریلوے اسٹیشن بننا تھا، ریلوے ا سٹیشن بننے کی وجہ سے حاجیوں کے کیمپ منتقلکییگئے تو سعودی عرب نے ہرجانے میں 45کروڑ روپے دیے، جب سعودی عرب ہرجانہ دے رہا تھا تو مجھ پر الزام کیوں لگایا گیا؟حامد سعید کاظمی نے یہ بھی کہا کہ اب کہا جا رہا ہے کہ ڈیل کے نتیجے میں رہا کیا گیا، ڈیل کا کہنے والوں کے مطابق عدالتیں حکومت کے کہنے پر فیصلہ کرتی ہیں، کیا یہ توہین عدالت نہیں ہے؟ حامد سعید کاظمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کی وجہ سے عدلیہ پر اعتماد بحال ہوا۔