راولپنڈی: گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنادی گئی

269

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنادی ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کو گزشتہ سال بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا سماجی رابطے کی ویب سائئٹ پر ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال صوبے بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنادی ہے۔

کلبھوشن کیخلاف آرمی ایکٹ سیکشن 59 کے تحت مقدمہ چلایا گیا، فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے الزامات درست قرار دیئے۔  بھارتی جاسوس نے  پاکستان میں دہشت گردی  کےواقعات میں براہ راست ملوث ہونے، دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے ، شدت پسندوں کے مختلف گروپوں  کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے اور ان کو پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لئے استعمال کرنے کا اعتراف کیا۔

کلبھوشن یادیوں کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقےماشکیل میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن کےدوران گرفتار کیا گیا تھا۔ زیر حراست تفتیش کے دوران یادیو نے اعتراف کیا تھا کہ وہ بھارتی نیوی کا سابق افسر ہے اور وہ ایران کے راستے سے پاکستان میں داخل ہوا تھا اور کافی عرصے سے پاکستان میں مقیم تھا۔ کلبھوشن یادیو کے اقبالی بیان کی ویڈیو بھی منظر عام پر لائی گئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کلبھوشن یادیو کے خلاف مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا گیا جہاں بھارتی جاسوس کو اپنے دفاع کے لئےقانونی ماہر کی خدمات فراہم کی گئیں تھیں۔