کراچی ٹمبر مرچنٹ گروپ کی ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ویلیو ایشن کے رویے کی مذمت

128

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ٹمبر مرچنٹ گروپ(کے ٹی ایم جی)کے صدر سلیمان سومرر نے کے ٹی ایم جی کی منیجنگ کمیٹی کے سینئر رکن کے ساتھ ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ویلیو ایشن سید سجاد بخاری کی مبینہ بد سلوکی اور ناروا رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہیں اور ہمارے معزز رکن کے ساتھ ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ویلیو ایشن کا ایسا رویہ کسی طور پر قابل قبول نہیں اور خود ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ویلیو ایشن کے فرائض منصبی کے بھی شایان شان نہیں۔ کے ٹی ایم جی کے صدر سلیمان سومرو نے مزید کہا کہ سید سجاد بخاری کو ٹیکس ادا کرنے والے معزز کاروباری افراد سے اس قسم کا رویہ اختیار کرنے کا قطعی کوئی حق حاصل نہیں ہے اور ایک سرکاری ملازم کی حیثیت سے انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے کیونکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ٹیکس ادا کرنے والوں کی رقوم سے ہی دی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کراچی ٹمبر مرچنٹ گروپ کے پلیٹ فارم سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے ریونیو ہارون اختر ،چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد اور ممبر کسٹمز زاہد کھوکھر سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ خود اس معاملے کی چھان بین کریں ۔
اور فوری طور پر ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ویلیو ایشن سید سجاد بخاری کی معطلی کے احکامات جاری کریں کیونکہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ سید سجاد بخاری کی جانب سے ٹیکس ادا کرنے والوں کے ساتھ اس قسم کا نامناسب رویہ اختیار کیاگیا ہو۔سلیمان سومر و کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو ٹریڈ باڈیز کے پلیٹ فارم پر بھی اٹھانے کے لیے حکمت عملی تیار کررہے ہیں اور کاروباری طبقے کو اس قسم کے افسران سے دبانے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتیجے میں درآمدی شعبے میں ٹیکس وصولی کے اہداف متاثر ہوں گے جبکہ ہماری برآمدات پہلے ہی گراوٹ کا شکار ہے،سلیمان سومرو نے امید ظاہر کی کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر اعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر،چیئر مین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد اور ممبر کسٹمز زاہد کھوکھر اس معاملے کی فوری چھان بین کرکے ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری طبقے کے تحفظات کو دور کریں گے۔