کراچی(اسٹاف رپورٹر)تھل نووا پاور تھر پرائیویٹ لمیٹڈ(TNPTL) نے چائنا مشینری اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن (CMEC) سے پاور پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ یہ معاہدہ انجینئرنگ، خریداری اور تعمیر (EPC) کے لیے بیجنگ میں کیا گیا جس کے تحت 330 میگاواٹ پراجیکٹ پر تھر سندھ میں کام شروع کیا جائے گا۔تھل نووا پاور تھر پرائیویٹ لمیٹڈ(TNPTL) تھر کے اگنائٹ کوئلے کا حامل ہوگا جو پاور پارک سائٹ بلاک ٹو، تھر کول فیلڈز، ضلع تھرپارکر، سندھ میں واقع ہے ۔ یہ منصوبہ CPEC پاور پراجیکٹ کا حصہ ہے اس کے تحت 330 میگاواٹ سستی بجلی سالانہ تیار کر کے نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی۔ NEPRA کے دیے گئے جنریشن لائسنس کے مطابق تھل نووا 30 سال تک بجلی نیشنل گرڈ کو سپلائی کرے گا۔ وفاقی رابطہ کار چین پاکستان اکانومک کاریڈور (CPEC) ظفر الدین محمود، سی ایم ای سی کے چیئرمین سن بائی، سی ایم ای سی کے نائب صدر فینگ ینشوئی، تھل نووا کے سی ای او، خالد سراج سبحانی اور چائنا ڈیویلپمنٹ بینک، بینک آف چائنا، چائنا کریڈٹ انشورنس ایجنسی اور حبیب بینک لمیٹڈ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ظفرالدین محمود نے دونوں کمپنیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے پاور سیکٹر کے لیے تھر کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا ایک بڑا مسئلہ مہنگی بجلی کی پیداوار ہے۔
اس طرح تھل نووا کی باکفایت بجلی کی پیداوار سے گردشی قرضے کے خسارے پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی کیونکہ اس منصوبے میں تھر کامقامی کوئلہ استعمال کیا جائے گا۔تھل نووا کے سی ای او خالد سراج سبحانی نے سن بائی اور منصوبے میں شامل ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے تھل نووا منصوبے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ یہ منصوبہ چین پاکستان کے سی پیک منصوبے کے تحت پایہ تکمیل پہنچنے والے ابتدائی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے تھر میں اس منصوبے میں تعاون کے لیے حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کے کردار کو بھی سراہا جس کا مقصد تھر کے مقامی کوئلے کے استعمال کے ذریعے پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانا ہے۔اس موقع پر سی ایم ای سی کے چیئرمین سن بائی نے کمپنی کے عزم کو دہرایا اور تھل نووا اور سراج سبحانی کو اس کامیابی پر مبارک باد دی۔ تھل نووا پاور سماجی ترقی میں کردار ادا کرنے والے بزنس کی ایک توسیع ہے جو اس کے بانی گروپ کا خاصہ ہے۔ ٹی این پی ٹی ایل مقامی رہائشیوں کی بہتری کو بھی مقدم رکھتی ہے اور اس منصوبے سے بھی تھرپارکر کی مقامی آبادیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔تھل نووا منصوبہ نوواٹیکس اور تھل لمیٹڈ کا مشترکہ منصوبہ ہے جس میں یہ مرکزی شیئر ہولڈرز ہیں۔ تھل لمیٹڈ ہاؤس آف حبیب کا حصہ ہے جو پاکستان کا معروف کاروباری گروپ ہے اور جس کی سرمایہ کاری مختلف شعبوں بشمول بینکنگ، آٹو، ریٹیل، بلڈنگ میٹیریل، پیکجنگ کے کاروبار میں وغیرہ میں کی گئی ہے۔ نووا ٹیکس گانی اور طیب گروپ کا حصہ ہے جو پولیسٹر، ٹیکسٹائل، پیکجنگ سیکٹر میں معروف نام ہے اور ملک کی مجموعی ایکسپورٹ کا اہم جز ہے۔