حکومت مغوی بچوں کو جلد بازیاب کروائے، احمد علی بروہی

69

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) مختلف دینی و مذہبی، سیاسی، سماجی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے چند روز قبل جیکب آباد شہر سے لاپتا ہونے والے بچوں محمد عمر اور محمد اویس سیال کی بازیابی کی لیے جو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا ختم ہونے کے بعد صرافہ بازار چوک پر بھوک ہڑتال اور احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کا اہتمام کامرس آف چیمبرز کی جانب سے کیا گیا تھا۔ دھرنے میں جہاں تاجر برادری نے شرکت کی وہاں تمام دینی، مذہبی و سیاسی، سماجی تنظیموں کے کارکنان کی بہت بڑی تعداد شریک رہی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے حکومت اور انتظامیہ کو واضح پیغام دیا کہ مغوی بچوں کو جلد بازیاب نہیں کرایا گیا تو پر امن احتجاج و دھرنا، ہڑتال کی کال میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ دھرنے سے چیمبرز آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی، جنرل سیکرٹری حاجی محمد یوسف میمن، امیر جماعت اسلامی جیکب آباد شہر انجینئر اعجاز احمد میمن، پی پی ش ب کے ضلعی صدر ندیم احمد قریشی، جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری دیدار علی لاشاری، جے یو آئی ف کے ضلعی نائب صدر حافظ میر محمد بنگلانی، ہندو پہنچائت کی جانب سے سری چند و لال چند، عام انسان پارٹی کے صدر نے خطاب کیا۔ دوسری جانب محمد حنیف لاشاری کی قیادت میں سیپکو ہائیڈر یونین اور ایجوکیشن لوئر اسٹاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری عبداللہ برڑو کی قیادت میں بچوں کی بازیابی کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔