غلام قادر مری کو بازیاب کرایا جائے، مری برادری کا مطالبہ

82

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) مری برادری کے معززین نے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست غلام قادر مری کو بازیاب کرایا جائے، وہ شدید علیل ہیں، ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، چار رو گزر جانے کے باوجود اب تک ان کا سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔ مری برادری کے معززین حاجی علی حسن مری، حاجی میرو مری، حاجی موریو مری اور محمد صدیق مری نے میرپور خاص پر یس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ غلام قادر مری کو چار روز قبل نوڈھیرو سے واپس اپنے گاؤں آتے ہوئے تھر پاور جامشورو کے قریب ان کے ڈرائیور محبوب خاصخیلی، خان محمد منگی اور جاوید کاچیلو کو نہ معلوم افراد زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے، ہمیں شک ہے کہ انہیں اغوا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قانون کے مطابق اگر کسی شہری کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اسے 24 گھنٹے کے بعد عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے مگر غلام قادر مری کو چار روز گزر جانے کے باوجود اب تک ان کا سراغ نہیں ملا ہے۔ غلام قادر مری پر کوئی کیس نہیں ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غلام قادر مری کی بازیابی کے لیے آواز بلند کریں۔