انسانیت کی خدمت افضل ترین نیکی ہے،گورنرسندھ

104

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت افضل ترین درجہ رکھتی ہے اورایک انسان کی جان بچانے اور اس کے احترام سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں ، کسی بھی معاشرے میں ڈاکٹری کا شعبہ قابل احترام اور ڈاکٹر کو مسیحا کے طور پر دیکھا جاتا ہے ، ڈاکٹر ز کی بھی یہ ذمے داری ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کے وژن اور جذبہ کے تحت اپنی ذمے داریاں نبھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پوزیشن ہولڈرز اور ان کے والدین کے
اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے بحریہ یونیورسٹی کے سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو باالترتیب گولڈ میڈلسٹ کو تین لاکھ روپے اور سلور میڈلسٹ کو فی کس دو لاکھ روپے انعام دیا ۔ اس موقع پر بحریہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل وائس ایڈمرل (ر) تحسین اللہ خان بھی موجود تھے ۔