کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹیل مل کے ریفرنڈم میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی اتحادی یونین نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے اور پیپلز ورکرز یونین کو شکست دے دی ہے۔ دریں اثناجماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اتحادی یونین کو شاندار
کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور تمام نو منتخب عہدیداران اور مزدوروں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے اس امید اور توقع کا اظہار کیا ہے کہ نو منتخب یونین اسٹیل مل کے مزدوروں اور ملازمین کے تحفظ، ادارے کو حقیقی طور پر بحال کر نے کے لیے اور نجکاری کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کے اندر مزدوروں اور ملازمین کے ساتھ ظلم و ناانصافی کی گئی ہے اور مزدوروں کو بے روزگارکیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور نااہلی نے ادارے کو تباہ و برباد کردیا ہے اور حکمرانوں نے کرپٹ اور نااہل عناصر کی ادارے میں نہ صرف سرپرستی کی ہے بلکہ مزدوروں کے استیصال پر خاموشی اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی یونین سے مزدوروں کو بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ہمیں امید ہے نئی یونین مزدوروں کے اعتماد پر پورا اترے گی۔علاوہ ازیں این ایل ایف کراچی کے صدر عبد السلام نے بھی جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی اتحادی یونین کو کامیابی پر مبارکباددی۔