قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے ٹرانسپورٹ ‘ مواصلات ‘ توانائی سمیت دیگر شعبوں کے لیے مجموعی طورپر261 ارب روپے کے 15 منصوبوں کی منظوری دیدی

78

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے ٹرانسپورٹ ‘ مواصلات ‘ توانائی سمیت دیگر شعبوں کے لیے مجموعی طورپر261 ارب روپے کے 15 منصوبوں کی منظوری دیدی۔ بدھ کواقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ ‘ مواصلات ‘ توانائی اور پانی کے شعبہ میں منصوبوں اور تجاویز پر غو رکیا گیا اور منظوری دی گئی۔ ایکنک نے فیصل آباد عبدالحکیم موٹر وے ایم 4 کے لیے زمین کے حصول کے لیے 4.2
ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دیدی۔ ایکنک نے پاک ‘ ساگو ‘ ژوب سڑک (این 50) کو 2 رویہ اور بہتر کرنے کے لیے 76.4 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی۔ منصوبے میں ژوب بائی پاس بھی شامل ہے ۔ تھا کوٹ اور رائے کوٹ این 3 کی بحالی کے لیے 83ارب روپے کے ، سمہ سے خضدار 2 رویہ ہائی وے کی تعمیر کے لیے 19.1 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گرین لائن بس ریپڈ سسٹم کراچی کے لیے 24.6 ارب کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ انڈس ہائی وے میں سرائے گمبیلہ سے کوہاٹ سیکشن کے لیے 31.1 ارب روپے۔ چکوال میں 500 کے وی ذیلی اسٹیشن کے 6.7 ارب روپے ۔ گیپکو کے لیے ساتویں ساکولی ٹرانسمیشن لائن اور گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 7.5 ارب روپے۔ این ٹی ڈی سی کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے 16.5 ارب روپے ۔ کوسٹل پاور پلانٹ کراچی کے منصوبے کے لیے 7.5 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ میرانی ڈیم کے متاثرین کے معاوضے کے لیے 3.5 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ میٹرو بس سروس اسلام آباد کے لیے پشاور موڑ سے اسلام آباد نیو ائرپورٹ تک انفرااسٹرکچر اور دیگر ورک کی تعمیر کے لیے16.4 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ہری پور میں مولیاں (بلدار) میں نئے ڈائی پورٹ کی تعمیر ایم ایل 1 کی بہتری اور بحالی کے لیے 10.6 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔