پاکستان کا مکمل حج کوٹہ بحال ہو چکا ہے,وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف

103

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مکمل حج کوٹہ بحال ہو چکا ہے حج پالیسی میں 60فیصد سرکاری اور 40فیصد نجی کوٹہ مختص کیا گیا ہے،اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی شہری حج کی
سعادت حاصل کریں گے، سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں 17اپریل سے 26اپریل تک 10 مخصوص بینک برانچوں سے وصول کی جائیں گی جبکہ قرعہ اندازی 28 اپریل کو ہو گی، وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے،سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے کے لیے 5 سال کی پابندی کو بڑھا کر 7سال کر دیا ہے جبکہ پرائیویٹ کوٹے میں حج کے لیے پابندی 5 سال ہو گی،سرکاری اسکیم کے تحت 2لاکھ 80ہزار زون شمالی جبکہ 2 لاکھ 70 ہزارزون جنوبی سے حج کے اخراجات آئیں گے، حج پالیسی پر میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں 17 اپریل سے 26 اپریل تک وصول کی جائیں گی اور قرعہ اندازی 28 اپریل کو ہو گی۔ حج درخواستیں 10 بینکوں کی مخصوص برانچوں کے ذریعے وصول کی جائیں گی جن میں حبیب بینک، یونائیٹڈ بینک ، ایم سی بی، الائیڈ بینک، زرعی ترقیاتی بینک، بینک الفلاح، میزان بینک، بینک آف پنجاب اور حبیب میٹرو پولیٹن بینک شامل ہیں۔ تمام بینک حج درخواستوں کی مد میں جمع ہونے والی رقم کو شرعی اکاؤنٹ میں رکھیں گے۔ سرکاری اسکیم کے تحت اس سال ایک لاکھ 7 ہزار 526 وہ عازمین حج پر جائیں گے جن کے قرعہ اندازی میں نام نکلیں گے جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت اس سال 71 ہزار 684 حاجی حج پر جائیں گے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی قرعہ اندازی ہو گی اور کوئی شخص مفت حج نہیں کر سکے گا۔ سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والا 7 سال تک دوبارہ حج کے لیے اپلائی نہیں کر سکے گا جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت بھی 5 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے مگر اس ضمن میں محرم مستثناہیں۔ کوئی خاتون جس نے حج نہیں کیا اگر وہ حج پر جائے گی اس کے ساتھ جانے والے محرم پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ حج بدل بھی پرائیویٹ اسکیم کے تحت کیا جا سکے گا سرکاری اسکیم کے تحت نہیں ہو گا۔ 45 سال سے زائد عمر کی خاتون محرم کے بغیر حج پر جا سکتی ہے۔ ہر حاجی کو واپسی پر 5 لیٹر آب زم زم سعودی یا پاکستانی ائرپورٹ پر مہیا کیا جائے گاجو مخصوص پیکٹ میں ہو گا۔ حجاج محافظ اسکیم جسے تغافل کہتے ہیں اس کے لیے 2017ء کی حج پالیسی ہی جاری رہے گی۔ حج کے لیے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ تینوں چیزیں لازمی ہوں گی۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی کم از کم میعاد یکم مارچ 2018ء تک ہونی چاہیے۔عازمین حج اس سال 50 فیصد مدینہ ائر پورٹ اور50 فیصد جدہ ائر پورٹ کے ذریعے جائیں گے، واپسی بھی اسی طریقے سے ہو گی ،تمام عازمین حج کو پی آئی اے، سعودی ائر لائن، شاہین انٹرنیشنل اور ائر بلیو کے ذریعے حجاج مقدس روانہ کیا جائے گا اس کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مشاہر اور عرفات میں 3 وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا ۔