زرداری نے پی پی اراکین کو انتخابی اصلاحات پر سمجھوتا نہ کرنے کی ہدایت کردی

87

اسلام آباد (آن لائن) آصف زرداری نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل پی پی اراکین کو انتخابی اصلاحات پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کرنے پر ہدایت کر دی۔ گزشتہ روزانتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل پی پی اراکین نے سابق صدرسے ملاقات کی اور انتخابی اصلاحات پراپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل پی پی پی کی رکن شازیہ مری نے کہاکہ انتخابی اصلاحات میں ہمارے تحفظات برقرار ہیں۔ انتخابات 2013ء کے بعد جو انتخابی اصلاحات درکار تھیں وہ تاحال نہیں ہوئی ہیں۔ بیلٹ پیپر کی چھپائی سے متعلق پی پی پی کی تجاویز پر عمل نہیں کیا جا رہا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے
خریدی گئی بائیو میٹرک مشینوں سے بھی ہم مطمئن نہیں ہیں ۔ ہمارے تحفظات دور نہ کیے گئے تو ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ اس موقع پرآصف ز رداری نے پی پی اراکین کو انتخابی اصلاحات پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کرنے کی ہدایت کی۔سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدرآصف زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے نو منتخب عہدیداروں اور رہنماؤں نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صوبائی صدر ہمایوں خان نے کی۔ فخرزمان قادر، صاحبزادہ ثنااللہ، سلیم خان و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔