ڈاکٹر عاصم کاای سی ایل سے نام نکلوانے کیلیے عدالت عالیہ سے رجوع

63

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام کے اخراج کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کرلیا ہے،آئینی درخواست کی سماعت( آج) جمعرات کو جسٹس محمد جنید غفار کی سر براہی میں ہوگی۔بدھ کو درخواست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر کردہ آئینی درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ ، محکمہ داخلہ سندھ ،چیئرمین و ڈی جی نیب اور آئی جی سندھ کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں میڈیکل بورڈ نے کمر کی سرجری و دیگر علاج کیلیے بیرون ملک جانے
کی تجویز دی ہے،علاج کیلیے بیرون ملک جانا ضروری ہے جبکہ ان کا نام وزارت داخلہ نے نیب کی سفارش پر 24نومبر 2015ء کو ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا،لندن میں ڈاکٹروں سے 20اپریل کا اپائمنٹ لے رکھا ہے ، اگرا ن کا بر وقت علاج نہیں ہوسکا توطبیعت مزید بگڑ سکتی ہے لہٰذا استدعا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے۔علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے پاور آف اٹارنی بیٹے عماد حسین کو دینے سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیے ہیں،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے کاروبار ، جائداد کا انتظام سنبھالنے کے لیے پاور آف اٹارنی اپنے بیٹے عماد الدین کو دی تھی اوران تمام دستاویزات تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کو ارسال کی گئیں تاکہ ان کی تصدیق کی جا سکے تاہم وزارت خارجہ نے تصدیق کرنے سے انکار کردیا،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاور آف اٹارنی کی تصدیق نہ ہونے سے ان کے کاروبار کو نقصان پہنچ رہا ہے لہٰذااستدعا ہے کہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔