سندھ بھر میں دوسرے روز بھی غضب کی گرمی پڑی۔ کراچی میں پارا 42 ڈگری پر برقرار رہا جس سے شہری بے حال رہے

116

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ بھر میں دوسرے روز بھی غضب کی گرمی پڑی۔ کراچی میں پارا 42 ڈگری پر برقرار رہا جس سے شہری بے حال رہے۔ نوابشاہ گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 47 درجے تک پہنچ گیا۔ حیدرآباد، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں 46 درجے گرمی نے شہریوں کو نڈھال کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ اور جنوبی پنجاب کی طرح شہر قائد بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور دن چڑھنے کے ساتھ ساتھ پارا بھی مسلسل چڑھتا جا رہا ہے۔ کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے میدانی علاقوں سے آنے والی ہوا کے گرم تھپیڑوں سے مسلسل تیسرے روز درجہ حرارت40 سے تجاوز کر
گیا، شدید گرمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر کا درجہ حرارت42 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے تاہم ہیٹ اسٹروک کا خدشہ نہیں لیکن اس کے باوجود شہری احتیاط برتیں اور شام4 بجے تک اپنے گھروں یا دفاتر سے باہر نہ نکلیں، باہر نکلنے کی صورت میں اپنے سر کو اچھی طرح ڈھانپ لیں ، اپنے ساتھ پانی یا کوئی مشروب بھی رکھیں اور وقفے وقفے سے اس کا استعمال کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک بدین، بہاول پور، بھکراور جوہر آباد میں 40، خان پور، کوٹ ادو اور مٹھی میں41، تربت 42، لسبیلہ اور پڈعیدن میں 43، دادو،موئن جو ڈرو 44 چھور اور رحیم یار خان میں45 اور لاہور میں درجہ حرارت 39 ڈگری ریکارڈکیا گیا۔