وزیر اعلی سندھ کی جانب سے نشاندہی کیے گئے پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی سے متعلق یہ بات سمجھنے کی ہے کہ سوئی سدرن گیس اس پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے اور اس سلسلے میں ضروری تنصیبات کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے،سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجما ن

77

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجما ن نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سندھ اسمبلی میں حالیہ بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعلی سندھ کی جانب سے نشاندہی کیے گئے پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی سے متعلق یہ بات سمجھنے کی ہے کہ سوئی سدرن گیس اس پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے اور اس سلسلے میں ضروری تنصیبات کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے جس کے بارے میں پلانٹ کی انتظامیہ بخوبی واقف ہے۔ جوں ہی پلانٹ کی انتظامیہ مطلوبہ سکیورٹی ڈپازٹ کی رقم جو کہ ایک ارب روپے ہے جمع کرادے گی، سوئی سدرن گیس پاور پلانٹ کو بلا تاخیر گیس فراہم کردے گی۔جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم آرٹیکل 158کے تحت قدرتی گیس کی تقسیم کے بارے میں کوئی بیان دینے سے قاصر ہیں کیوں کہ یہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔مزید براں ، سوئی سدرن گیس اور پاور پلانٹ کی انتظامیہ کے مابین گیس سیلز ایگریمنٹ پر دستخط ہو چکے ہیں البتہ پلانٹ کی انتظامیہ کی جانب سے معاہدے میں کچھ ترامیم کی درخواست کی گئی تھی جن کی سوئی سدرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری بھی دے دی ہے جنہیں معاہدے میں باہمی رضامندی سے شامل کرنا باقی ہے۔