6 ماہ میں ہائی ا سپیڈ ڈیزل کی درآمدات میں 40.6 فیصداضافہ

124

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال 2016-17ء کی پہلی ششماہی کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں مجموعی طور پر 12.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مالی سال 2015ء کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2016ء کے اسی عرصہ کے دوران درآمدات کی شرح میں 10.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ا سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمدات میں 40.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور جولائی تا دسمبر 2016ء کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمدات 1837.20 ہزار میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران درآمدات کا حجم 1306.80 ہزار میٹرک ٹن رہا تھا۔اسی طرح فرنس آئل کی درآمدات میں 24.4 فیصد جبکہ متفرق پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 31.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں ابتدائی چھ ماہ کے دوران 3733.60 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل جبکہ 61.2 ہزار میٹرک ٹن متفرق پٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئی ہیں۔
گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران کروڈ آئل کی درآمد میں 8.2 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور ابتدائی چھ ماہ کے دوران درآمدات کا حجم 4640.10 ہزار میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 4261.10 ہزار میٹرک ٹن کی درآمدات کی گئی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات گذشتہ مالی سال کی درآمدات 11074.20 ہزار میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 12419.50 ہزار میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔