کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ اور سندھ مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے کنوینر سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ 25اپریل سے مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہونے جارہا ہے اور یہ سب سے زیادہ اہم اور حساس مرحلہ ہے، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت نقشوں، بلاکس کو اپ ڈیٹ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، سندھ حکومت نے مردم شماری کے موقع پر انتہائی نااہلی کا ثبوت دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ حیدر منزل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی حاجی شفیع جاموٹ، ڈاکٹر نیاز کالانی، ریاض چانڈیو، امان اللہ شیخ، ریاض چانڈیو، قمر بھٹی، اسلم بلوچ، شفقت عباسی اور دیگر موجود تھے۔سید جلال محمودشاہ نے کہا کہ 15مارچ تا15اپریل ہونے والی مردم شماری کا عمل قابل اطمینان ہے۔مردم شماری کے صوبائی عملے اور ذمے داروں نے ہماری سکیڑوں شکایتوں کا ازالہ کیا ۔سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ25اپریل سے سندھ کے بقایا اضلاع میں مردم شماری کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے والا ہے ،ہم سندھ کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بیداری کا مظاہرہ کریں۔سندھ حکومت نقشوں اور بلاکس کو اپ ڈیٹ کرنے میں اہم کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ سندھ 65فیصد اربن ہوچکا ہے ،کراچی ہی نہیں دیگرتمام شہروں کی آبادی بڑھی ہے۔