اسلام آباد(اے پی پی) قومی خانہ و مردم شماری کا پہلا مرحلہ (آج) جمعہ 14 اپریل کو مکمل ہو جائے گا۔ ادارہ برائے شماریات کے مطابق پہلے مرحلے میں مردم شماری کا کام خوش اسلوبی سے مکمل ہوا ہے، پہلے مرحلے میں بلاکس کی کْل تعداد 80471 تھی۔ شماریات کے شیڈول کے مطابق مردم و خانہ شماری کے دوسرے مرحلے میں پہلے بلاک کے لیے خانہ شماری کا کام 25 سے 27 اپریل تک مکمل ہو گا جبکہ مردم شماری 28 اپریل کو شروع ہوگی جو 8 مئی کو مکمل ہو گی۔ اسی طرح دوسرے مرحلے میں دوسرے بلاک کے لیے خانہ شماری 11 مئی سے 13 مئی تک ہو گی جبکہ مردم شماری 14 مئی سے 24 مئی تک ہو گی۔