اسلام آباد (صباح نیوز)اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹرٹیجک تعلقات علاقائی امن و استحکام کی کنجی ہیں۔ چین کی اسٹیٹ کونسل کے انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر جیانگ جیانگو کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی دوستی ہے جو وقت کے نشیب و فراز پر پوری اتری ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے چین، پاکستان، جنوبی اور وسطی ایشیا اور مشرق وسطی کے لوگ خوشحال ہوں گے۔مریم اورنگزیب نے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے مسلسل تعاون کرنے پر چین کی تعریف کی جبکہ چینی وفد نے پاکستان کی تیز تر اقتصادی ترقی اور سیکورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری کو سراہا۔