مقبوضہ کشمیرمیں سرینگر کے 38پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے موقع پر مکمل بائیکاٹ اور ہڑتال کی گئی

185

سرینگر/ممبئی (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سرینگر کے 38پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے موقع پر مکمل بائیکاٹ اور ہڑتال کی گئی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں باغ مہتاب اور ضلع بڈگام کے علاقوں ری پورہ ، چرار شریف ، خان صاحب اور گلون پورہ سمیت متعدد پولنگ اسٹیشنوں میں ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ دوبارہ پولنگ کے دوران حلقے کے 38پولنگ اسٹیشنوں میں 35ہزار میں سے صرف 519ووٹ ڈالے گئے۔بڈگام میں 7,106 میں صرف 3ووٹ ڈالے گئے تھے۔مجاہد کمانڈر شہید برہان وانی کے بھائی خالد مظفر وانی کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر ضلع پلوامہ میں ترال اور دیگر علاقوں میں ہڑتال کی گئی۔دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کشمیر میں نسل کشی کی دھمکی دے دی ہے۔ انہوں نے ممبئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فوجی کارروائیوں کو رکوانے کے لیے مظاہرہ کرنے والوں کو سنگین نتائج کاسامنا کرنا پڑے گا۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام نے جس طرح سے الیکشن ڈرامے کو مسترد کیا اُس نے بھارتی حکمرانوں کے ہوش اُڑا دیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران کوئی معقول رویہ اختیار کرنے کے بجائے کشمیریوں کو صرف نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے کر اپنی پوزیشن کو مضحکہ خیز بنارہے ہیں۔