اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور مراد علی شاہ اپنی نالائقی چھپانے کے لیے صوبائی کارڈ استعمال نہ کریں۔ ان خیالات کا انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے گیس بند کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کیا ۔ طلال چودھری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پچھلے8سال سے چوری کامال جمع کیا ہوا ہے۔ اور جب ان سے چوری کا مال واپس مانگا جاتا ہے تو وہ حکومت اور وفاق پر الزام لگانا شروع کردیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو کام سندھ حکومت کو کرنا چاہیے تھا وہ ہم نے کیا ،مراد علی شاہ دھمکیاں نہ دیں بلکہ اپنے صوبے میں موجود چوروں کوپکڑیں ،جس جگہ بجلی ،گیس چوری ہوگی وہاں بجلی اور گیس نہیں دی جاسکتی ۔سندھ حکومت تعلیم اور صحت کا بجٹ بھی کھا گئی اور سندھ میں کچرے کے سوا کچھ نظر نہیں آتا ،وفاق پر الزام کے بجائے صوبائی حکومت سندھ میں لوگوں کو سہولیات فراہم کریں ۔