امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ڈان لیکس پر حکومتی سفارشات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ایک اہم مسئلہ پر کمزو ر لوگوں کو قربانی کا بکر ا بنا یا گیا۔ڈان لیکس قومی سلامتی کا معاملہ ہے اس کا پورا سچ سامنے آنا چاہیے۔
سینیٹرسراج الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم لیڈر کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے تھا۔ جب تک احتساب سب سے اوپر سے شرو ع نہیں ہوگااس وقت تک کوئی بھی معاملہ درست نہیں ہوسکے گا۔ قوم کو کرپشن کاتحفہ دینے والے نواز شریف کے پاس اب ایک ہی آپشن ہے کہ وہ استغفیٰ دے دیں تاکہ شفاف ماحول میں تحقیقات کاعمل مکمل ہو ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی تابع سیاست اور یرغمال جمہوریت ،ملک میں مسلح اور معاشی دہشت گردی سے قوم کو نجات دینے کا وقت آن پہنچاہے،کرپٹ اشرافیہ کو اب عوام جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنے کی منتظر ہے، پانامہ سکینڈل کو ہم اس لئے سپریم کورٹ لیکر گئے تھے کہ اس کیس میں کسی بازار کے چوکیدار کانام نہیں تھا ملک کے حکمرانوں کا نام تھا ،اگر سپریم کورٹ کے ذریعے شفاف احتساب کاعمل نہ ہوا تو پھر عوام چوکوں اور چوراہوں میں احتساب کریں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی تقریبا6ماہ کی سماعت اور ججزکے سوچ وبچار کے بعد 547صفحات پر مشتمل فیصلے کا ہر لفظ بتارہا ہے کہ نواز شریف اور انکے ٹولے نے کرپشن کی ہے اور قوم کو لوٹا ہے،دوججوں نے کلیئر فیصلہ دیا ہے ہے کہ اب یہ شخص وزیراعظم نہیں رہا،نواز حکومت نے قوم کو بد امنی ،کرپشن ،لوڈشیڈنگ اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا ،قوم کو کرپشن کاتحفہ دیکر پوری دنیا میں ذلیل و رسوا کردیا ہے ۔
بٹگرام میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے کرپشن کے خلاف پورے ملک میں کامیاب مہم چلائی اور ملک سے کرپشن کے خاتمے اور اسلامی پاکستان کیلئے قوم سے رجوع کیا تھا جسکے نتیجے میں آج الحمد للہ ملک کے بچے ،بوڑھے اور جوان کی زبان پرکرپشن کے خلاف آوازہے۔
انہوں نے کہاکہ اس ملک کے کرپٹ جاگیرداروں ،سرمایہ داروں نے عوام کے حقوق چھیننے کیلئے آپس میں مفاہمت کی ہے اور اسی مخصوص ٹولے نے قومی خزانے کو لوٹ کہ لوٹی ہوئی رقم بیرونی ممالک کے بنکوں میں جمع کی ہے اسی ٹولے نے گذشتہ ستر سال سے عوام کو مختلف نعروں ،سیاسی جھنڈوں ،مختلف روپ میں دھوکہ دیا اور ان پر مسلط رہے لیکن اب ہماری کرپشن کے خلاف جاری تحریک کے نتیجے میں عوام جاگ اٹھے ہیں عوام چہرے اور جھنڈے بدلنے والے ٹولے کوپہچان چکی ہے ۔
اب اس کرپٹ اشرافیہ کیلئے ملک کے ایوانوں میں کوئی جگہ نہیں عوام اس کرپٹ ٹولے کاایسا احتساب کرینگے کہ وہ نشان عبرت بنیں گے،سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جس ٹولے نے عوام کو اندھیروں میں دھکیل کر ان کاسکون چھین رکھا ہے۔ ان امریکی یاروں اور غلاموں سے نجات دلانے کیلئے جماعت اسلامی میدان عمل میں نکلی ہے اور اب عوام کی جوق درجوق جماعت اسلامی میں شمولیتیں اس بات کااعلان ہے کہ آنے والا دور جماعت اسلامی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی عوام کو لوٹااور پھر اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے مسلم لیگ کی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دئے آج وقت کا تقاضا ہے کہ قوم کرپشن کے خلاف متحد ہوکر ان سابقہ حکمرانوں کا بھرپور احتساب کریں ،انہوں نے کہا کہ یہی حکمران ہیں کہ انہوں نے سندھ اور تھر کے عوام کو مسائل کے دلدل میں پھنسارکھاہے،سندھ کے عوام غلامی کی زندگی میں ہیں وہاں نہ بجلی ہے نہ پینے کاصاف پانی اور طبی سہولیات میسر ہیں اور بلوچستان کے عوام ظالم سرداروں کا ظلم بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ملک میں قوم کو جن مسائل کا سامناہے تو ان مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے جماعت اسلامی کے پاس امانت دار دیانت دار قیادت ہے اور اس دیانت کی تو اب سپریم کورٹ کے ججوں نے بھی گواہی دی ہے اب حق بنتا ہے کہ عوام اب جماعت اسلامی کا ساتھ دیکر ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے میں جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔
اس موقع پر بٹگرام کی 500سے زائدمعروف سیاسی خاندانوں جن میں بلدیاتی نمائندے ،اور علمائے کرام شامل تھے نے مختلف پارٹیوں سے مستغفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیتی کا اعلان کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ،امیر جماعت اسلامی ضلع بٹگرام امداد اللہ ،نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوانور الحق نے بھی خطاب کیا۔