تیل کی پیداوار میں کمی کے مثبت اشارے

198

ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ اوپیک و غیر اوپیک ملکوں سے تیل کی پیداوار میں کمی کے مثبت اشارے ملے ہیں،غیر ملکی سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ اوپیک اور غیر اوپیک ملکوں سے تیل کی پیداوار میں کمی کے مثبت اشارے ملے ہیں۔ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکا ہے۔گزشتہ روز ایک بیان میں ایران کے وزیر پٹرولیم بائیجان زینگنیح نے کہا کہ مئی میں اوپیک اور غیر اوپیک ملکوں کے شیڈول اجلاس میں رکن ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں مزید کمی بارے اشار ے ملے ہیں، جس کا مقصد تیل کی وافر سپلائی روک کر اس کے نرخوں کو مستحکم کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکا اور اس کی یکطرفہ طور پر لگائی گئی اقتصادی پابندیاں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کار ایران میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تاہم امریکی اقتصادی پابندیاں ان کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک ایران کو تیل و گیس کے شعبے میں ترقی سے نہیں روک سکتا تاہم رفتار کو ضرور کم کیا جاسکتا ہے۔