خاتون نے دولہا کو اغوا کرلیا

323

بھارت میں ایک شادی کی تقریب کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئ جب ایک خاتون دولہا کو گن پوانٹ پر اغوا کرکے ساتھ لے گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست اْتر پردیش میں اشوک یادیو اور اغوا کار خاتون ایک مقامی ڈاکٹر کے کلینک پر کام کرتے تھے، جہاں ان کے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔ تاہم اشوک یادیو کے اہل خانہ نے اس کی شادی ضلع ہری پور کی رہائشی لڑکی سے طے کردی تھی جس کے بعد اشوک نے اپنی دوست سے بات چیت بند کردی اور سوشل میڈیا پر اس کے پیغامات کا جواب تک نہیں دیا۔جس کے باعث مذکورہ خاتون بہت نالاں تھیں۔

اشوک یادیو کی شادی کی تقریب کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب خاتون نے دولہا کو اس کی شرٹ کے کالر سے پکڑا اور بھرے مجمے کے سامنے اپنے ساتھ گاڑی میں بیٹھا کر لے گئی، واقعے کے بعد سے اشوک تاحال لاپتہ ہے۔

واقعے کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انھیں شک ہے کہ اغوا پہلے سے طے شدہ تھا اور لڑکا اور خاتون، دونوں ہی اس میں ملوث ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ شادی کی تقریب میں آئے سیکڑوں افراد کے سامنے ایک خاتون، دولہا کو زبردستی اپنے ساتھ لے جائے؟ اور کسی نے بھی اسے روکنے کی کوشش نہیں کی، اصل میں لڑکا خاتون کے ساتھ اپنی مرضی سے گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے دولہا کے بھائی کو حراست میں لے لیا جبکہ اس حوالے سے موقع پر لی گئیں تصاویر بھی پولیس نے حاصل کرلی ہیں۔