نیند میں خلل موٹاپے کا سبب

197

سویڈن کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ نیند میں خلل موٹاپے کا سبب بن سکتا ہے اور سوشل میڈیا یا سماجی تقریبات کی وجہ سے رات دیر تک مصروف رہنا نیند کی خراب کی بڑی وجوہات ہیں۔

اپسالا یونیورسٹی کے ڈاکٹر کرسچین بینیڈکٹ کی سربراہی میں کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ لوگ جن کی نیند اکثر پوری نہ ہو سکے یا جنہیں نیند خراب ہونے کی شکایت رہتی ہو، ایسے افراد کے موٹاپے میں مبتلا ہونے کے امکانات دیگر صحت مند افراد کی نسبت کہیں زیادہ ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر روزانہ معمول کے مطابق نیند پوری ہوتی رہے تو مختلف ہارمونز کے درمیان توازن قائم رہتا ہے لیکن اگر نیند پوری نہ ہو یا مسلسل متاثر رہنے لگے تو ہارمونز میں توازن بھی بگڑ جاتا ہے جس کا اثر دوسرے کئی جسمانی نظاموں پر پڑتا ہے۔

ڈاکٹر بینیڈکٹ کے مطابق نیند کی خراب کی بڑی وجہ سوشل میڈیا پر رات دیر تک مصروف رہنا اور دیر تک جاری رہنے والی سماجی تقریبات ہیں۔ ان حقائق کی روشنی میں ڈاکٹر بینیڈکٹ نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ اپنے موٹاپے پر قابو پانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پوری اور بھرپور نیند سونے کی عادت ڈالنا ہوگی تاکہ ہارمونز میں توازن بحال ہو ۔