مسجدِ نبوی کے صحنوں میں ہوا کو ٹھنڈا کرنے والے نظام کا شمار دنیا بھر میں فضا کو مرطوب بنانے والے ضخیم ترین منصوبوں میں ہوتا ہے۔
اس منصوبے کے تحت مسجد کے صحنوں میں 250 چھتریاں نصب ہیں جن کے سْتونوں میں 450 چھڑکاؤ والے پنکھے لگے ہوئے ہیں۔ہر پنکھے میں پانی کے چھڑکاؤ کے لیے 16 سوراخ موجود ہیں۔ پنکھوں کے بند ہونے پر چھڑکاؤ بھی رک جاتا ہے۔ ہر پنکھا 7 پَروں پر مشتمل ہے اور یہ 180 ڈگری کے زاویے میں گھومتا ہے۔ پنکھے کا قطر 80 سینٹی میٹر اور چوڑائی 38 سینٹی میٹر ہے جب کہ اس کا وزن تقریبا 120 کلو گرام ہے۔
مسجد نبوی کے صحنوں میں چھتریوں کے نیچے بیرونی فضا کو مرطوب بنانے والا نظام ہوا میں تھرمل انرجی کو جذب کرنے کے ذریعے کام کرتا ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس نظام میں ہر گھنٹے کے دوران ہر ستون پر 200 لیٹر صاف پانی کی ضرورت پڑتی ہے۔
پانی کی مطلوبہ مقدار تیار کرنے کے لیے دو اسٹیشن قائم ہیں جہاں مائیکرو اسکوپک فلٹر اور الٹرا وائلٹ شعاؤں کے ذریعے پانی کو جراثیم اور کھارے پن سے پاک کیا جاتا ہے۔پانی کی صفائی کا مقصد نمازیوں کی صحت کا تحفظ اور پائپ لائن نیٹ ورک پر مشتمل اس نظام کی عمر بڑھانا ہے جس کی مجموعی لمبائی 3.2کلومیٹر ہے۔
واضح رہے کہ یہ نظام شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے زمانے میں نصب کیا گیا تھا۔