پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ہو گیا

77

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرغی کے گوشت کی طلب میں کمی کے بعد آل پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔آل پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مرغی کے گوشت کی مانگ میں مسلسل کمی کے بعد پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے، ایک ہفتے کے دروان مرغی کے گوشت کی قیمت میں 60 روپے کمی ہوئی جس کے بعد فی کلو قیمت 240 تک پہنچ گئی۔قیمتوں میں کمی کے بعد زندہ مرغی 26 روپے کمی کے بعد 144 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے جبکہ لاہور میں زندہ مرغی 142 اور گوشت 235 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت جاری ہے۔آل پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مطابق پشاور میں زندہ مرغی کی قیمت 148 اور گوشت 245 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے جبکہ فارمی انڈوں کی قیمتوں میں 4 روپے کمی کے بعد 97 سے کم ہوکر 93 روپے فی درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔واضح رہے پولٹری مصنوعات کی فروخت میں اضافے کے بعد راتوں رات اچانک قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔، دو ماہ قبل راتوں رات مرغی کی قیمتوں میں چالیس سے پینتالیس روپے اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جس کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔