بھارت میں آسمانی بجلی اور سیلاب سے تباہی‘ 27 ہلاک

181

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی 2 ریاستوں بہار اور آسام میں شدید بارش کے باعث سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 27افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست بہار کے مختلف علاقوں میں جاری شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 26 افراد ہلاک ہوگئے۔ قدرتی آفات پر قابو پانے کے ریاستی ادارے نے بتایا ہے کہ یہ ہلاکتیں اتوار کی رات تک مختلف علاقوں میں ہوئیں۔ بجلی گرنے سے زیادہ اموات ضلع روہتاس میں ہوئیں۔ جہاں 5 افراد اس قدرتی آفت کی زد میں آکر ہلاک ہوئے۔ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں بھی 4 افراد کے مرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ بہار کے کئی اضلاع میں اتوار کی دوپہر سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پٹنہ میں اتوار کی شام تک 48ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ریاست میں اگلے چند روز بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ بھارت میں مون سون کی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہیں۔ صرف اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہر سال قریب 2 ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔دوسری جانب ریاست آسام میں سیلاب سے مزید ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔ اس طرح رواں برس آسام میں پے در پے آنے والے سیلابوں میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔ سیلاب کے باعث 15 اضلاع میں قریب 5 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔آسام میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے حکام کے مطابق سیلاب سے 1096 دیہات زیرِآب آگئے ہیں،جب کہ 41 ہزار 200 ایکٹر کے رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔دریائے برہم پترا کئی مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے 128 امدادی مراکز قائم کیے ہیں،جہاں 24 ہزار بے گھر افراد کو رہایش فراہم کی گئی۔ ریاستی حکومت نے اس حوالے سے مرکزی حکومت سے بھی مدد طلب کی ہے۔