کوئٹہ اور پارا چنار میں پھر دھماکے‘ ڈی پی او سمیت 4اہلکار شہید ‘24زخمی

319

چمن/پاراچنار/پشاور/اسلام آباد( خبر ایجنسیاں) کوئٹہ اور پارا چنار کو ایک مرتبہ پھر دھماکوں نے خون میں نہلا دیا ، ڈی پی او چمن سمیت 4اہلکار شہید جبکہ 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ڈی پی او چمن ساجدخان مہمند معمول کی گشت پر تھے کہ لیویز ہیڈ کوارٹر کے قریب بم دھماکاہوا جس کے نتیجے میں ڈی پی او چمن ساجد خان مہمند شہید ہوگئے جبکہ 4 پولیس اہلکاروں سمیت 20افراد زخمی ہوئے،پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا۔ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ،دھماکے کے بعد پولیس ،لیویز اور ایف سی نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔سیکرٹری صحت عصمت اللہ خان کاکڑ کے مطابق چمن دھماکے کے بعد ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال چمن اور سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز کو اپنی حاضری یقینی بنانے اور زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔دریں اثنا پارا چنار کے علاقے لوئر کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب علاقہ لکہ تیگہ میں فورسز کے اہلکار قریبی چشمے سے پانی لا رہے تھے کہ کچے راستے میں دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیا گیا بارودی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار نائیک اسماعیل، لانس نائیک مطیع اللہ اور سپاہی حکم گل شہید ہو گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کی اطلاع پرسیکورٹی فورسز کی دوسری گاڑی جائے وقوع پر امدادی کارروائی کے لیے جا رہی تھی کہ اس دوران راستے میں نصب 2 بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئے جس میں مزید 4 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں نرس ساجد، سپاہی ضامن گل اور نائیک گل شہزاد شامل ہیں۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ ٹل پہنچا دیا گیا، جن میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔فورسز نے دھماکوں کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردو ں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا۔دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان نے واقعے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔علاوہ ازیںوزیراعظم محمد نواز شریف اورگورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے پیر کو چمن میں پولیس قافلے پر دہشت گردوں کے حملے اور کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ دھماکوںکی پرزور مذمت کی ہے جس میں ڈی پی او چمن شہید ہوگئے۔ انہوں نے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ وزیراعظم اور گورنر پختونخوا نے متعلقہ حکام کو حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہر ممکنہ بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے مزید کہاکہ ملکی امن واستحکام کے لیے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں پرپوری قوم کو فخرہے۔