جرم کی تصدیق ہوگئی‘ بلاول نے بھی وزیراعظم سے استعفے کا مطابہ کردیا

84

اسلام آباد/ کراچی (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی وزیراعظم نوازشریف سے فوری استعفے کا مطالبہ کردیا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ عدالت عظمیٰ میں جے آئی ٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے آمدنی کے ذرائع اور اثاثہ جات کا جواز دینے میں قطعی طور پر ناکام ہوگئے ہیں اور وزیراعظم پر الزام واضح طور پر ثابت ہوگیا ہے اور اب نواز شریف اخلاقی اور سیاسی طور پر وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہنے کا جواز کھو چکے ہیں اس لیے ان پر ضروری ہوگیا ہے کہ وہ استعفا دے دیں۔ پیر کو جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد ردعمل کے طور پر اپنے ایک بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے 5 اراکین کے بینچ میں سے 2 جج صاحبان پہلے ہی وزیراعظم کو مجرم قرار دے چکے ہیں اور اب جے آئی ٹی نے یہ تصدیق کر دی ہے کہ وزیراعظم کے آمدنی کے ذرائع اور ان کی جانب سے اکٹھی کی گئی دولت میں بہت بڑا فرق موجود ہے۔ اب نواز شریف کے پاس استعفا دینے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں اور عدالت عظمیٰ کی جانب سے انہیں سزا دینا باقی رہ گیا ہے۔ پی پی پی اس خیال کو بھی مسترد کرتی ہے کہ موجودہ صورتحال سے جمہوری نظام کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ اس سارے معاملے سے یہ نشاندہی ہوگئی ہے کہ نظام مضبوط ہے اور نظام میں جمہوری روایات اور اصولوں کے مطابق وزیراعظم کی تبدیلی کے لیے طریقہ کار بھی موجود ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ یہ وقت درست سیاسی فیصلے کا ہے اور وقت کم ہے۔ انہوں نے میاں نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے میں تاخیر سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ بحران کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا۔